(شاہد ندیم سپرا) لیسکو میں بجلی چوری اور اووربلنگ چھپانے کا انوکھا طریقہ منظر عام پر آگیا، کمپنی نے "یونیورسل نمبرز" کی بنیاد پر اضافی یونٹس کی بلنگ کرکے لائن لاسز مرتب کر لئے، ریکوری نہیں ہوسکے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کمپنی کے مختلف دفاتر میں "یونیورسل نمبرز" پر چوری شدہ یونٹس کی اضافی بلنگ کی گئی اور انہیں یونیورسل نمبرز پر ہونے والی اضافی بلنگ سے لائن لاسز کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا، مذکورہ فارمولا کے تحت کمپنی کے لائن لاسز تو مرتب ہو گئے لیکن ان نمبرز سے بلوں کی ریکوری نہیں کی جا سکے گی، یونیورسل نمبرز کے بلز کمپنی کے کسی بھی صارف کو نہیں بجھوائے جا سکتے ہیں، مذکورہ نمبرز پر صرف اووربلنگ کر کے چوری شدہ یونٹس کو چھپایا جاتا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مقررہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے مذکورہ پریکٹس کی گئی ہے، یونیورسل نمبرز پر اضافی بلنگ کی وجہ سے ڈیڈ ڈیفالٹرز کی تعداد اور بلز میں اضافہ ہو گیا۔