عثمان سلیم: کم تنخواہ کی وجہ سے ایمرجنسی سروسز 1122 چھوڑنے کا سوچنے والے ڈاکٹرز کیلئے خوشخبری، پنجاب حکومت کا 28 ہزار 762 روپے ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس دینے کا اعلان، نان پریکٹسنگ الاؤنس کی بھی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب ایمرجنسی سروسز کے ڈاکٹرز کی سنی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ایمرجنسی سروسز 1122 کے ڈاکٹرز کے لیے ہیلتھ پروفیشنلز اور نان پریکٹسنگ الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔ کم تنخواہ کی وجہ سے ڈاکٹرز ایمرجنسی سروسز 1122 چھوڑ رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق 40 میں سے 12 ڈاکٹرز کم تنخواہ کی وجہ سے ایمرجنسی سروسز چھوڑ کر چلے گئے تھے اور نئے آنے کو تیار نہیں تھے، جس کی وجہ سے 2012 کے بعد کوئی بھی ڈاکٹر بھرتی نہیں کیا جا سکا تھا۔ ان وجوہات کی بنیاد پہ پنجاب حکومت نے الاؤنسز کی فراہمی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمرجنسی سروسز کے گریڈ 17 اور 18 کے ڈاکٹرز کا انسینٹیو الاؤنس چار ہزار 925 روپے روک دیا گیا، جبکہ ایمرجنسی سروسز کے گریڈ 17 اور 18 کے ڈاکٹرز کو اب انسینٹیو الاؤنس کے بجائے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائیگا۔
ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس کی مد میں ایمرجنسی سروسز کے ڈاکٹرز کو 28 ہزار 762 روپے دیے جائیں گے جبکہ نان پریکٹسنگ الاؤنس کی مد میں چار ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس سے قبل ایمرجنسی سروسز کے ڈاکٹرز ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز سے 63 ہزار کم تنخواہ لے رہے تھے۔