( راؤ دلشاد ) اوور ہیڈ برج کی تزئین وآرائش ہوگی، لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے تزئین وآرائش کی ذمہ داری لےلی، تبدیلی سرکار کے عدم تعاون پر لارڈ میئر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت رکاوٹ بنی تو این جی اوز اور سول سوسائٹی کے تعاون سے اوور ہیڈ بریج کی تزئین وآرائش کرائی جائے گی۔
لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے چونگی امرسدھو سے ملحقہ شنگھائی اوور ہیڈ برج کا دورہ کیا، انہوں نے ایم او ریگولیشن زبیر وٹو کو رنگ روغن کے لیے فوری تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف آرٹ شنگھائی اوور ہیڈ برج کی حالت زار دیکھ کر تزئین وآرائش کا فیصلہ کیا ہے۔
کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا تھا کہ میونسپل سروسزکے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے، اگر حکومت اوور ہیڈ برجز کی تزئین وآرائش کی اجازت نہیں دے گی تو این جی اوز اور سول سوسائٹی سے بات کی جائے گی
لارڈ میئر لاہور نے کہا کہ شنگھائی روڑ کی ڈرین کوڑے کرکٹ کے باعث بند ہے، لیکن واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو کوئی خبر نہیں، جو شاید ڈرین کی صفائی کے لیے کسی حادثے کے منتظر ہیں۔