( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے وفاق، پنجاب حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس شاہد وحید نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے وفاق، پنجاب حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت نےعوام کو ریلیف دینے کی بجائے ادویات کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
ادویات کی قیمتوں میں 9 فیصد اضافہ خلاف قانون ہے، پاکستان غریب ملک ہے، عوام پر حکومت کی جانب سے بوجھ ڈال دیا گیا ہے، درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔