شہزاد خان:پاکستان میں فرانس کے سفیر ڈاکٹر مارک بریٹے نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اورصدر ملک طاہرجاوید،نائب صدر ذیشان خلیل،ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران شاہد نذیر،ملک کلیم سمیت دیگر سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر مارک بریٹے نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کیلئے محفوظ جگہ ہے۔
فرانس کے سفیر مارک بریٹے نے کہا ہے کہ ان کا اولین ہدف دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینا ہے جس کے لیے ایکشن پلان وضع کرلیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کیا۔
اعجاز اے ممتاز، سہیل لاشاری، امجد علی جاوا، اویس سعید پراچہ، شاہد نذیر، طاہر منظور چودھری، نبیلہ انتصاراور دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے کے لیے فرانسیسی اور پاکستانی تاجروں کی مدد کرنا، تجارتی معلومات کی فراہمی اور ویزا کے اجراءکا عمل آسان کرنا ان کی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر معیشت کی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار آسان کرنے کے لیے قواعد و ضوابط نرم کیے جارہے ہیںجبکہ ٹیکسوں کی تعداد میں کمی کے لیے ٹیکس سکیم متعارف کرائی جارہی ہے ڈاکٹر مارک بریٹے نے کہا کہ پاکستان ساکھ بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے، فرانس کی تاجروں سے متعلق ٹریول ایڈوائزری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تجارت ٹیکسٹائل کے شعبے میں ہورہی ہے۔ دیگر شعبوں پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فرانس پاکستان فرینڈشپ گروپ کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ رقبے کے حوالے سے فرانس مغربی یورپ کا بڑا ملک ہے جبکہ معاشی حوالے سے اس کا شمار دنیا کے کامیاب ترین ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ بطور فرانسیسی پارلیمانی اراکین اور فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ، وفد کے اراکین پاکستان کی بہترین ساکھ کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی نسبت آج پاکستان میں صورتحال غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے بہت سازگار ہے۔ باہمی تجارت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ملک طاہر جاوید نے کہا کہ 2015ءمیں باہمی تجارت کا مجموعی حجم 778ملین ڈالر تھا جو 2016میں 817ملین ڈالر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ تجارت میں اضافے کا رحجان جاری رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ تجارت میں توازن قائم کرنے کے لیے بھی اقدامات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے پاکستان ایک خوبصورت اور تاریخی ملک ہے ، فرانسیسی اور پاکستانی تاجر اس شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے فرانس کے پارلیمانی وفد پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔