(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی اطہرمتین جاں بحق، وزیراعظم عمران خان نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے صحافی اطہر متین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ،گولیاں لگنے سے صحافی اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس نے میت کو ضروری کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا۔
ایس پی گلبرگ طاہرنورانی نے بتایاکہ مقتول اپنے بچوں کو سکول چھوڑ کر گھرواپس لوٹ رہے تھے، فائرنگ کےبعد موٹرسائیکل سوارفرارہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےمزید تفتیش کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے صحافی اطہر متین کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی۔
وزیراعظم عمران عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہےکہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی کی ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اطہر متین کے قتل کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا، سندھ حکومت فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دلوائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نارتھ ناظم آباد میں صحافی اطہر متین کے قتل پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے واقعے میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، حکومتِ سندھ کسی کو بھی کراچی کا امن امان خراب کرنے نہیں دے گی، حکومت صحافیوں سمیت ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے۔