(قذافی بٹ، قیصر کھوکھر) اورنج ٹرین کا کرایہ کتناہو؟ محکمہ خزانہ اور ٹرانسپورٹ کرایہ 50 روپے کرنے پرڈٹ گئے، جبکہ وزیراعلیٰ 40 روپے کرایہ کرنے کے خواہشمند ہیں، فیصلہ آج کابینہ کے اجلاس میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اورنج ٹرین کا 40 روپے کرایہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ محکمہ خزانہ اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کرایہ 50 روپے کرنے پر بضد ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا کہ اورنج ٹرین کے روٹ پر چلنے والی دیگر ٹرانسپورٹ 50 سے 60 روپے وصول کررہی ہے، جبکہ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ50 روپے کرایہ کرنے سے خزانے پر سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا، 50 روپے کرایہ کرنے پر سبسڈی 10 ارب روپے سبسڈی دینا پڑے گی 40 روپے کرائے پر سالانہ سبسڈی 11 ارب ہوگی، 30 روپے کرائے پر 12 روپے سبسڈی دینا ہوگی۔
پنجاب کابینہ آج میٹرو اورنج ٹرین کے کرایوں کو حتمی شکل دے گی، وزیراعلیٰ نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، کابینہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے پر بھی غور کرےگی، اجلاس میں صوبائی موٹروہیکل ترمیمی آرڈیننس بھی زیرغور آئے گا، قائد اعظم لائبریری میں تقرریوں کے ترمیمی بل پر بھی غور کیا جائےگا، کابینہ کی قائمہ کمیٹیوں برائے خزانہ اور ڈویلپمنٹ کے فیصلوں کی توثیق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی جائےگی۔
کابینہ کے ایجنڈے کے مطابق لاہور کی تین یونین کونسل میں سیوریج سسٹم کی فراہمی کے لئے اضافی زمین کو ڈی نوٹیفکیشن اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تنظیم نو اور پنجاب پلویس سپیشل برانچ کے سروس رولز میں بھی ترمیم کی منظوری دی جائے گی.
دوسری جانب اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبےمیں تاریخی ورثہ شالامار باغ کےسامنے ایک 135 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بچھانےکےلیےایل ڈی اے نے لیسکو کو 30 کروڑ روپےکے فنڈز جاری کردیئے۔