(شہبازعلی) فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر پی سی بی حرکت میں آ گیا، فیصل آ باد کے کرکٹر مقبول خان پر این او سی کے بغیر کسی دوسری کلب سے کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کلب کی سطح پر کھلاڑیوں کی مانیٹرنگ کا عمل شروع کردیا، فیصل آباد کے مقبول خان پر پی سی بی نے بغیر این او سی کلب تبدیل کرنے پر دوسال کی پابندی عائد کر دی۔ مقبول خان نے فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں چھ نومبر 2018 کو سٹی ایگل کلب کی طرف سے عوامی کلب کے خلاف میچ کھیلا جس پر ان کے خلاف مدمقابل ٹیم نے اعتراض کیا کہ مقبول خان نے گزشتہ برس شارجہ کرکٹ کلب کی طرف سے فضل محمود نیشنل کلب ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے بورڈ کے طریقہ کار کے مطابق شارجہ کلب سے این او سی نہیں لیا تھا۔
بورڈ انکوائری میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ مقبول خان نے شارجہ کلب سے اپنی کلب تبدیل کرنے کے حوالے سے کوئی این او سی نہیں لیا جس پربورڈ نے مقبول خان کے کرکٹ کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ مقبول خان پر پابندی کا اطلاق چھ نومبر 2018 سے ہوگا