(سعدیہ خان) صدائے میو ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب ،پچاس دلہے بینڈ باجے کے ساتھ سجی سنواری دلہنوں کو بیاہ کر لے گئے ، دلہنوں کوجہیز اور باراتیوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سر پر کلا سجائے گلے میں پھولوں کا ہارپہنے ، دلہےدلہنیا لینے پہنچ گئے، کاہنہ میں میو برادری نے مستحق 50 خاندانوں کے بچوں کو شادی کے خوبصورت بندھن میں باندھ دیا، شادی کی نئی اننگز کا آغاز کرنے والوں کی خوشی دیدنی تھی۔
دلہنیا سجی سنواری خوب ، مگر بابل کے آنگن کو چھوڑ کر جانے کا دکھ آنکھوں سے عیاں تھا، دلہن کو لاکھ روپے سے زائد مالیت کا جہیزبھی دیا گیا۔
پنڈال کو نہایت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا، اس موقع پر ڈھول کی تھاپ اور فوجی بینڈ سے باراتیوں کا استقبال کیا گیا، تمام جوڑوں کے الگ الگ نکاح پڑھائے گئے۔