احمد مںصور: افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید، نشان حیدر کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ 1971ء کے دوران واہگہ بارڈر پر لانس نائیک محفوظ شہید نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلا خوف و خطر دشمن کی توپوں کو خاموش کرایا۔
واہگہ بارڈر پر دشمن کی جارحیت کا بے جگری سے مقابلہ کرتے ہوئے زخموں سے بے نیاز لانس نائیک محفوظ شہید نے آگے لپک کر بھارتی مشین گنر کا گلا دبوچ کر اُسے موت کے گھاٹ اُتارا۔
میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کا جرات مندانہ اقدام مادرِ وطن کے تمام محافظوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔
بِلا شُبہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔
پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔