جنید ریاض: وزیراعظم عمران خان نے محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کے لئے ریٹائرمنٹ کے بعد نیا بنک اکاؤنٹ کھلوانے کی شرط ختم کر دی، اس سے قبل ریٹائرڈ ٹیچرز کو ماہانہ پنشن کے لئے بنک میں نیا اکاؤنٹ کھلوانا پڑتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے لئے خوشخبری ہے، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے کر محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے لئے ریٹائرمنٹ کے بعد نیا بنک اکاؤنٹ کھلوانے کی شرط ختم کر دی ہے۔
اس سے قبل ریٹائرڈ ٹیچرز کو ماہانہ پنشن کے لئے نیا بینک اکاؤنٹ کھلوانا پڑتا تھا، اب اساتذہ جس اکاؤنٹ سے ماہانہ تنخواہ وصول کرتے ہیں اسی میں ان کی پنشن اور دیگر واجبات ادا کئے جائیں گے، آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر آصف گوہر کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کے لئے پنشن کے حصول میں آسانی پیدا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 2015 میں بھرتی تمام ایجوکیٹرکے کنٹریکٹ میں توسیع کردی۔ فیصلہ کے بعد سینکڑوں اساتذہ کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔ کنٹریکٹ میں توسیع کا اطلاق مستقلی کے آرڈرز جاری نہ ہونے تک رہے گا۔کنٹریکٹ میں اضافہ نہ ہونے پر مذکورہ اساتذہ کی تنخواہیں بند ہونے کا خدشہ تھا۔