(سٹی42) تحریک انصاف نے اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پنجاب کے منصوبہ جات میں مالی بے ضابطگیوں کو عوام میں لانے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ایوان میں آکر سانحہ ماڈل ٹاؤن اور حدیبیہ پیپرز ملز پر وضاحت طلب کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صورتحال انتہائی نا گفتہ بہ ہے، پنجاب میں جاری اور مکمل ہر منصوبے میں سنگین مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، پورا صوبہ کمپنیوں کے ذریعے چلایا اور لوٹا جا رہا ہے لیکن عوام آج بھی صاف پانی، بچے معیاری تعلیم، پڑھے لکھے نوجوان نوکریوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی ناک کے نیچے ماڈل ٹاؤن میں چودہ بندے شہید کر دیئے گئے۔ صاف پانی، نندی پور، میٹرو بس اور دیگر منصوبہ جات میں نہ صرف عجب کرپشن کی غضب کہانیاں سامنے آئیں بلکہ انکے ریکارڈ کو بھی آگ لگا کر ضائع کر دیا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ پولیس پر95ارب سے زائد کا بجٹ مختص کرنے کے باوجود صوبے کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایوان میں آکر وضاحت دیں کہ انکی ناک کے نیچے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیسے ہوا، حدیبیہ پیپرز ملز پر بھی انہیں عوام اور عوام کے منتخب کئے گئے ایوان کو جواب دینا پڑیگا۔