400 منچلوں کی خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی، کپڑے پھاڑ دیئے، ویڈیو وائرل

400 منچلوں کی خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی، کپڑے پھاڑ دیئے، ویڈیو وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور   میں  گریٹر اقبال پارک میں  افسوسناک واقعہ، 400منچلوں کی  ٹک ٹاکر خاتون سے بدتمیزی، کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

14 اگست جشن آزادی  کے دن لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک میں جمع تھی، ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرام اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں، اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی، خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی۔

400 افراد کیخلاف مقدمہ درج

اس ہنگامہ آرائی کی ویڈیو  سوشل میڈیا پر وائرل  ہوئی تو پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں سرعام خاتون کو برہنہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں۔

 ٹوئٹر پر #400MEN ٹاپ ٹرینڈ

اس وقت پاکستان کے ٹوئٹر پر #400MEN ٹرینڈ کر رہا ہے اور صارفین کی بڑی تعداد بالخصوص خواتین اس واقعے پر شدید غم و غصہ اور ردعمل کا اظہار کر رہی ہیں۔ ندا فاطمہ زیدی نے لکھا: ’مینار پاکستان میں جو کچھ ہوا، اسے دیکھنے کے بعد میری ایک عورت کی حیثیت سے اس ملک میں محفوظ محسوس کرنے کی کیا وجہ ہے؟ میرے یہ یقین کرنے کی کیا وجہ ہے کہ میں جس بھی عورت کو جانتی ہوں وہ اس ملک میں محفوظ ہو گی۔‘

خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی پر شوبز شخصیات کا ردعمل

اس افسوسناک واقعہ پر پاکستانی شوبز شخصیات نے برہمی کا اظہار کیا،  ماہرہ خان نے ایک پیغام جاری کیا ہے،ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا  اور آج بھی اسی بات کو دہراتے ہوئے کہہ رہی ہوں کہ ایسے لوگوں اور واقعات کے لئے کوئی سخت قانون بنایا جائے۔

اس کے علاوہ اداکارہ ماورا حسین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیغام دیا، ماورا کا کہنا تھا کہ لاہور میں پیش آنے والا واقعہ بہت ہی شرمناک ہے اور  اس واقعے سے شاید اب سب کی آنکھیں کھل جانی چاہیئے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو آئی جی کو بھیجی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خاتون کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer