سٹی 42: نویں محرم الحرام کی مناسبت سے نکلسن روڈ پر مجلس عزاء کے بعد جلوس شبیہہ ذوالجناح برآمد ہوا،علامہ سید ابصار علی نقوی نے مصائب اہل بیت بیان کیے۔
تفصیلات کے مطابق نکلس روڈپرامام بارگاہ عطیہ اہلبیتؑ میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد کی گئی، مجلس عزاء کے اختتام پر شبیہہ ذوالجناح اور شبیہہ علم عباسؑ کا جلوس برآمد ہوا۔ ہزاروں عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کی۔ مجلس عزاء سے علامہ سید ابصار علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے مصائب اہلبیتؑ بیان کیے ،واقعہ کربلا کی اہمیت اور اہلبیتؑ کی قربانیوں کا مقصد بیان کیا۔ مجلس عزاء کے اختتام پر شبیہ ذوالجناح اور شبیہہ علم عباسؑ کا جلوس برآمد کیا گیا جو اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ عطیہ اہل بیتؑ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
دوسری جانب کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلبیت بیان کریں گے۔ بعدازاں ختم مجلس نشترپارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے۔ مرکزی جلوس کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔