( در نایاب ) وزیراعلی سردار عثمان بزدار کے ترجیحی منصوبے کو ایل ڈی اے نے غیر سنجیدہ لے لیا، ٹھوکر پر باب لاہور کا منصوبہ پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد بھی مکمل نہ ہوسکا، آئی ڈیپ کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلی اور ایل ڈی اے سستی تاخیر کا سبب جبکہ لاگت میں بھی پانچ کروڑ کا اضافہ ہوگیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شروع کیا گیا باب لاہور کا منصوبہ پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد بھی مکمل نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق آئی ڈیپ کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلی تاخیر کی وجہ بنی اور ایل ڈی اے کی سستی بھی منصوبے کی تاخیر کا سبب بنی۔ پراجیکٹ ذرائع کے مطابق منصوبے کی لاگت میں بھی پانچ کروڑ کا اضافہ ہوگیا ہے۔
منصوبہ دسمبر دو ہزار انیس میں تین کروڑ کی لاگت سے شروع ہوا۔ منصوبے کو ہر صورت چار ماہ میں مکمل کیا جانا تھا جو آٹھ ماہ بعد بھی مکمل نہ ہوا۔ اس منصوبے میں ٹائل ورک، ملتانی آرٹ ورک اور جالی کے بھاری کام کے باعث ڈیزائن تبدیل ہوا۔
وزیراعلی نے لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے کا ٹاسک سونپا تھا۔ ایل ڈی اے کی روائتی سستی کے باعث منصوبہ چلتے چلتے رینگنا شروع ہوگیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ منصوبے کو ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔