سٹی42: بارشوں نے کوئٹہ اور بلوچستان بھر میں تباہی مچا دی ہے۔ آسمانی بجلی گرنے اور چھتیس گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔صوبے کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔
وادی کوئٹہ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں مسلسل چھ روز سے برس رہی بارشوں نے نظامِ حیات درہم برہم کر ڈالا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بارش کے پانی کی زیادتی کے سبب ڈرینیج سسٹم جواب دے گیا، سیوریج نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا۔ شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں بدل گئی ہیں۔ شہری عملاً گھروں میں محصور ہیں۔ مسلسل بارش سے کاروباری سرگرمی بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔
کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں باغات اور صوبے کے دیگر علاقوں میں کھڑی فصلوں اور باغات کو مسلسل بارش سے شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ کوئٹہ کو زیارت سے ملانے والی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لئے بند ہوگئی۔
کوئٹہ کو سندھ سے ملانے والی شاہراہ پر گزشتہ سیلاب میں بہہ جانے والے پنجرہ پل کی جگہ بنایا گیا عارضی پل پانی میں بہہ جانے سے ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے سوراب، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گھروں کی چھتیں گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے ساحلی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، کیچ اور گوادر میں صورتحال زیادہ خراب ہوئی ہے۔