ویب ڈیسک:ُ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے دور حکومت اور اس کے بعد ایک سال کے دوران بہت سے ایسے کارنامے سر انجام دیئے گئے جن کی تفصیلات عوام تک مبینہ طور پر آڈیو لیکس کی صورت میں پہنچیں ، البتہ کچھ لیکس کے علاوہ کسی بھی لیکس پر پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے کسی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا، جس سے بعض عوامی حلقوں نے یہی تصور کیا کہ یہ آڈیو لیکس اصلی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کیلئے امیدواروں کا انتخاب کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں آج چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے ، لیکن اب سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف اعجاز چودھری کی ایک مبینہ آڈیو لیک سامنے آ ئی ہے جس میں وہ کسی چودھری حفیظ نامی شخص سے محو گفتگو ہیں اور حلقہ پی پی114 کی ٹکٹ کیلئے ساز باز کر رہے ہیں ۔
لیک آڈیو میں اعجاز چودھری سے دوسرا شخص اپنا تعارف کرتا ہے کہ آپ سے میں ذکر کیا تھا کہ رانا شوکت کیلئے پی پی 114 سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ چاہیے تو اس کیلئے کتنا چندہ دینا پڑے گا، جس پر اعجاز چودھری کہتے ہیں کہ ہماری چندہ دینے کی کوئی لمٹ نہیں ہے لیکن کم سے کم حد ایک کروڑ روپے ہے ، اگر چیئر مین عمران خان سے ملاقات کرنی ہے تو ایک کروڑ روپے سے اوپر اوپر رقم ہونی چاہیے پھر ہی ہم عمران خان سے ملاقات کرو اسکیں گے ورنہ نہیں ، ا س کے بعد وہ شخص دوبار سے پوچھتا ہے کہ اورشوکت خانم کیلئے کتنا چندہ دینا پڑے گا جس پر اعجاز چودھری انہیں بتاتے ہیں کہ ہسپتال کیلئے جتنا مرضی چندہ دے دیں اس کی کوئی لمٹ نہیں ہے ، پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر آپ کو پی پی 114سے ٹکٹ چاہیے تو فوراً آنا پڑے گا کیونکہ اب تو فیصل آباد سے امیدواروں کا انتخاب شروع ہو چکا ہے ۔