علی رامے:وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گندم،چینی اورکھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت رات گئے خصوصی اجلاس طلب کیا گیا۔اجلاس میں گندم،چینی اورکھادکی سمگلنگ کی روک تھام اورقیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم،چینی اورکھاد کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے میں کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ملوں سے چینی لے کرنکلنے والے ہر ٹرک کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر بھی ٹرکوں کی چیکنگ کی جائے گی۔گندم،چینی اورکھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔چینی کی قیمتوں میں ا ستحکام کیلئے صوبائی وزراء پر مشتمل کمیٹی شوگر مل مالکان سے مذاکرات کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کمشنرز اورڈپٹی کمشنرزفعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔
اجلاس میں محسن نقوی کی مفت آٹے کی فراہمی کے تاریخ ساز پیکیج کی کامیابی پر چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اورتمام کمشنرز، آر پی اوز،ڈپٹی کمشنرزکو مبارکباد دی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سی سی پی او لاہو ر،سیکرٹریزسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ، صنعت، اوقاف، زراعت، کمشنر لاہورڈویژن، کین کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس کے علاوہ تمام ڈویژنل کمشنر ز،آر پی اوز،ڈپٹی کمشنرز اورڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔