حسن خالد: قانون کا ڈر نہ اپنی جان کی فکر،کینال روڈ پر علی الصبح ون ویلنگ اور ریس لگاتے نوجوان موت کا کھیل کھیلنے لگے، پولیس نے آنکھیں موند لیں۔
تفصیلات کے مطابق بدلتے دور نے جہاں ہمیں بے شمار ایجادات کے حیرت انگیز نظارے دکھائے وہیں ہمیں سفر طے کرنے کے لئے جدید سواریوں جہاز، ٹرین، بس، کار اور موٹر سائیکل وغیرہ کا بھی تحفہ دیا جو کہ یقیناً ہمارے لیے بہت مفید ہے کہ ان جدید سواریوں کے ذریعے سے ہم دِنوں کے سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کے سفر منٹوں میں طے کرلیتے ہیں۔مگر افسوس کہ تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے سبب آئے دن لوگ حادثات کا شکار ہورہے ہیں،چند خوش قسمت لوگوں کو چھوڑ کر ان حادثات کا شکار ہونے والے افراد زخمی ہوکر عمر بھر کی معذوری حتی کہ بعض تو موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔
مسلم ٹاؤن کے قریب کینال روڈ پر منچلوں نے سڑک کو بلاک کردیا اور خطرناک کھیل کا مظاہرہ کرتےرہے، نوجوانوں کی ون وی لنگ اور ریس لگاتی موٹرسائیکلوں نے اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔اس دوران سڑکوں پر نوجوانوں کو روکنے کیلئے پولیس بھی خاموش تماشائی بن گئی۔
منچلے ایک گھنٹے تک کینال روڈ کوبلاک کر کے خطرناک کرتب دکھاتے رہے،مگر پولیس خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی۔ منچلوں کی ون وی لنگ سے عام شہریوں کو سفر کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔