(عرفان ملک) لاہور پولیس نے مستحقین افراد کیلئےدو کروڑ روپے سے زائد رقم اپنی جیب سے اکٹھا کر لی۔ جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی طور پر متاثرہ خاندانوں میں 7ہزارچھ سوسے زائد راشن بیگز تقسیم کر دیئے گئے ۔
پولیس کے مطابق راشن بیگز تھانہ فیکٹری ایریا، شاہدرہ، مصری شاہ، شفیق آباد، چوہنگ، نشتر کالونی،ساندہ، شیراکوٹ، ہنجروال، نوانکوٹ، جنوبی چھاؤنی، کاہنہ، کوٹ لکھپت، لیاقت آباد،کے رہائشیوں میں تقسیم کیے گئے ۔اسی طرح گرین ٹاؤن، سبزہ زار، ملت پارک، قلعہ گجر سنگھ، بادامی باغ، باغبانپورہ، ہربنس پورہ شامل ہیں ،جہاں روشن مستحقین تک پہنچایا گیا ۔لاہور پولیس کے کانسٹیبل سے لے کراعلیٰ افسران نےپولیس ریلیف فنڈمیں امدادی رقوم جمع کروائیں۔
لاہورپولیس کی طرف سےریلیف فنڈمیں 2 کروڑ15لاکھ روپےسےزائدکی خطیررقم اکٹھی کی گئی اور پولیس کی طرف سے راشن بیگز کی تقسیم کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔راشن بیگزمیں آٹا، چاول، گھی، دالیں،صابن، چائے کی پتی و دیگر کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سےلاک ڈاؤن میں نرمی کےنوٹیفیکیشن کے معاملہ پر نوٹیفیکیشن میں ابہام ہونےپر لاہور پولیس نےدفعہ ایک سو چوالیس کے تحت کارروائیاں روک دیں۔ حکومت کی جانب سےچوبیس مارچ کودفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹفیکیشن جاری کیا گیا جس کا دورانیہ 14 اپریل تک تھا، اس دوران پولیس دفعہ 144 کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کررہی تھی۔
15 مارچ کو حکومت نےلاک ڈاؤن میں نرمی کا نیا نوٹفیکیشن جاری کردیا لیکن دفعہ 144 کا دورانیہ بڑھانےکا کسی جگہ ذکر نہیں کیا گیا، جس سے پولیس قانونی کارروائی کرنےکا اختیار کھوبیٹھی، وزارت داخلہ کی جانب سے دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کی تاریخ ہی نہیں بڑھائی گئی تھی۔
پولیس اب صرف وارنگ دے کر شہریوں کوغیر ضروری سفراور دکانیں کھولنے سے روک رہی ہے جبکہ ڈی آئی جی افس کی جانب سےتمام ایس ایچ اوز کو 144 کے تحت کارروائی سےفلحال روک دیا گیا ہے۔