جیل روڈ(زاہد چودھری/بسام سلطان) دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 143 ہوگئی جبکہ 465نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7481 تک پہنچ گئی۔
لاہور میں بھی کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں، مہلک وائرس مزید 2 افراد کی زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد لاہور میں وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی، اچھرہ کا رہائشی 48 سالہ شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھا لیکن جانبر نہ ہوسکا، میوہسپتال میں اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 13 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں، جناح ہسپتال میں 2 ، ٹائون شپ کے رہائشی کی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے گھر پر موت واقع ہوچکی ہے۔
ترجمان محکمہ پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد3410 ہوگئی ، لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 548 کنفرم مریض ہیں، کورونا وائرس سے اب تک کل 37 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 672 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے مریضوں میں 222 ایکسپو فیلڈ ہسپتال،118 میو، 21 پی کے ایل آئی، 6 چلڈرن، 4 گنگارام، 3 جنرل، 7 مزنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں، سروسز ہسپتال میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 16 ہے، 16 میں سے 8 ہیلتھ پروفیشنلز ہیں، پی آئی سی کی 6 سٹاف نرس او دو ڈاکٹرز شامل ہیں، علاوہ ازیں ایک ریسکیو افسر بھی کورونا میں مبتلاہوگیا، رانا سہیل کورونا کے متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے خود متاثر ہوا تھا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق سہیل لاہور کے ایک قرنطینہ سنٹر میں زیر علاج ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہور شاہد وحید قمر، ڈاکٹر رضوان، میاں محمد احسن اور ڈاکٹر علی سمیت دیگر نے عیادت کی اس موقع پر ریسکیو فیملی کی طرف سے صحت یابی کی دعاؤں کے تحفے کے ساتھ پھولوں کا گلدستہ دیا گیا۔
دوسری جانب سروسز ہسپتال سے3 مزید افراد کورونا وائرس کو شکست دے کر گھر لوٹ گئے،سروسز ہسپتال سے کل 4 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔