پنجاب یونیورسٹی، ایپکا کی تقریب حلف برداری روکنے پر ملازمین کا احتجاج

پنجاب یونیورسٹی، ایپکا کی تقریب حلف برداری روکنے پر ملازمین کا احتجاج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اکمل سومرو ) پنجاب یونیورسٹی میں ایپکا کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری روکنے پر ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ، ملازمین نے انتظامیہ کے خلاف 3 گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ کیا، انتظامیہ نے یونیورسٹی کے تمام داخلی دروازے 3 گھنٹے تک بند رکھے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں ایپکا کے نو منتخب عہدیداروں کو تقریب حلف برداری منعقد کرنے سے گزشتہ روز ہی انتظامیہ کی جانب سے روک دیا گیا تھا۔ ملازمین نے آج تقریب حلف برداری منعقد کرنے سے روکنے پر قلم چھوڑ ہڑتال کی اور دفاتر کا کام چھوڑ کر انتظامیہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ گیٹ نمبر ایک کےسامنے پہنچ کر یونیورسٹی ملازمین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ انجمن سازی ان کا بنیادی آئینی حق ہے اور یونیورسٹی انہیں اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔

احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے یونیورسٹی کے تمام داخلی دروازے بند کر دیے اور اس دوران طلباء کو بھی یونیورسٹی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ملازمین کے احتجاج کے باعث پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ یونیورسٹی گارڈز نے ملازمین کو سٹرک پر جانے سے روکے رکھا۔ ایپکا پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے نو منتخب عہدیداروں نے احتجاجی ریلی میں ہی عہدوں کاحلف اُٹھایا اور اعلان کیا کہ وہ یونیورسٹی ملازمین کے حقوق کی جنگ جاری رکھیں گے۔