مال روڈ (علی رامے) پنجاب حکومت کا تین سالہ کارکردگی پر بھرپور مہم چلانے کا فیصلہ، " بڑھتا پنجاب" کے نام سے مہم کا نعرہ متعارف کروایا جائے گا۔
ٹویٹر ٹریند کیلئے پنجاب حکومت " کامیابی کے 1000 دن" کا ہیش ٹیگ چلائے گی،"جشن کے حوالے سے کامیابی کی ایک ہزار وجوہات" کا ٹرینڈ بھی چلایا جائے گا، حکومت کا نعرہ یہ ہو گا کہ جب رہنما کا ویژن کامیاب ہو تو کارکردگی سر چڑھ کر بولتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویژن سے پنجاب کی تقدیر بدل دی، ایک نعرہ یہ بھی ہوگا کہ عثمان بزدار کی بہترین رہنمائی میں" بڑھتا پنجاب" سب سے آگے نکل گیا۔
دوسری جانب پاکستان میں موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں مہنگائی ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اگر کورونا کی وجہ سے لوگوں کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے تو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نے بھی پاکستانیوں کی فی کس آمدنی کو شدید متاثر کیا ہے۔معاشی تجزیہ کار اور ماہرین عالمی سطح پر آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ داخلی سطح پر پرائس کنٹرول کے کمزور نظام اور ڈالر کی قیمت میں ہونے والے مسلسل اضافے کو بھی ان تینوں بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہیں، 2018 کے مقابلے میں2021 میں آٹا، چینی، گھی وغیرہ کی قیمتیوں میں زمین آسمان کا فرق آ چکا ہے۔