( نبیل ملک ) والٹن ایئر پورٹ پر تربیتی طیارے کی کریش لینڈنگ، لاہور فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوا, تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے نے ایک مرتبہ پھر سے محکمہ سول ایوی ایشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیے۔
والٹن ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا, زیر تربیت خاتون پائلٹ نے اپنی پہلی سولو فلائیٹ کی اڑان بھری تو سب ٹھیک تھا لیکن پرواز مکمل کرنے کے بعد جیسے ہی خاتون پائلٹ نے جہاز لینڈ کرنے کی کوشش کی تو سیسنا ون ڈبل فائیو ماڈل کے جہاز کا نوز وھیل والٹن ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے سے ٹکرا گیا جس کے بعد جہاز کا پچھلا حصہ ہوا میں بلند ہو گیا اور خاتون پائلٹ تربیتی جہاز کے اندرھی پھنس گئی۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پہنچیں اور خاتون پائلٹ کو حادثے کے شکار جہاز سے باھر نکالا۔ اسی دوران ایئرکرافٹ ایکسی ڈنٹ اینڈ انوسٹی گیشن بورڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔ خاتون پائلٹ پاریزہ کا بلڈ سمپل بھی ٹیسٹ کے لیئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ھے جس کی رپورٹ 24 گھنٹے بعد آئے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اپنی پہلی سولو فلائیٹ کی خوشی میں خاتون پائلٹ پاریزہ جہاز کی لینڈنگ سے پہلے اپنے موبائل سے ویڈیو بنانے میں مصروف تھی جس سے اس کی توجہ ہٹ گئی اور حادثہ پیش آیا۔ والٹن ایئرپورٹ انتظامیہ نے کریش لینڈنگ کرنے والے جہاز کو مرکزی رن وے سے ہٹا دیا ہے جبکہ نجی کمپنی لاہور فلائنگ کلب کے باقی تمام تربیتی جہازوں کو انسپکشن مکمل ہونے تک گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔