آزادی چوک (راؤ دلشاد) رم مارکیٹ کی منتقلی کا معاملہ ایک مرتبہ پھر زیر بحث آگیا، والڈ سٹی اتھارٹی نے رم مارکیٹ کی جگہ پرفائیو سٹار ہوٹل اور انڈر گراؤنڈ پارکنگ کی تعمیر کی نئی تجویز پیش کر دی۔
رم مارکیٹ کی منتقلی کی بازگشت ایک مرتبہ پھر سنائی دینے لگی، والڈ سٹی اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو رم مارکیٹ کے مقام پر نئے منصوبے بارے تجاویز سے آگاہ کر دیا، رم مارکیٹ کی قیمتی اراضی پر فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیرکی نئی تجویز سامنے آگئی، فائیو سٹار ہوٹل اور شاہی قلعہ کی درمیانی گزر گاہ بند کرنے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا۔
والڈ سٹی حکام کے مطابق دو ارب کی سرمایہ کاری سے فائیو سٹار ہوٹل اور انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ بنے گا، تاہم رم مارکیٹ کی 328 دکانوں کو جلد از جلد منتقل کیا جائے جبکہ شاہی قلعے کے اکبری گیٹ کو دوبارہ کھولنے کا پلان تیار کیا گیا۔
والڈ سٹی نے متبادل اراضی کی تلاش کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مراسلہ بھیج دیا، جس کے مطابق مریم زمانی مسجد کی تزئین و آرائش اور بحالی بھی پلان میں شامل ہے، جس سے شاہی قلعہ اور اندرون شہر کا راستہ بھی کھل جائے گا، رم مارکیٹ کی منتقلی اور فائیو سٹار ہوٹل و پارکنگ کی تعمیر کمشنر لاہور کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
یاد رہے کہ قلعہ لاہور جسے شاہی قلعہ بھی کہا جاتا ہے، لاہور کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہے، اس کی ازسرِنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم (1556ء تا 1605ء) نے کروائی، قلعے کے اندر واقع چند مشہور مقامات میں شیش محل، عالمگیری دروازہ، نولکھا محل اور موتی مسجد شامل ہیں، شاہی قلعہ 1100 فٹ طویل جبکہ 1115 فٹ وسیع ہے، شاہی قلعہ کے عقب میں 106 رم کی دکانیں اور314 جوتوں کی دکانیں موجود ہیں، قلعہ لاہور دیکھنے کیلئے ہر روز ہزاروں لوگ آتے تھے، لیکن اب کورونا وائرس کے باعث تاریخی عمارت کو سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا۔