عمران یونس: سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیرصدارت پنجاب کے لوکل باڈیز سسٹم پر اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس، نئے بلدیاتی نظام میں کم سے کم آبادی پر ویلج اور نیبر ہڈ کونسلز بنانے، تحصیل سسٹم ختم کرنے، مقامی اور ضلعی حکومتوں کے اختیارات علیحدہ علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر ہونے والے مشاورتی اجلاس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات عارف انور بلوچ اور سینئر افسران کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کے مجوزہ نئے بلدیاتی نظام میں کم سے کم آبادی پر مشتمل ویلج کونسل اور نیبر ہڈ کونسلز بنانے کی تجویز دی گئی ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 30 فیصد فنڈز ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے اور کونسلر کی سطح پر ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ سالانہ رقوم استعمال ہوں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں نئی سفارشات کی تیاری جاری ہے جسے آئندہ ہفتہ تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ مقامی اور ضلعی حکومتوں کے اختیارات انتہائی واضح اور علیحدہ علیحدہ ہوں گے اور گلی، نالی، سولنگ اور مقامی مسائل ویلج کونسل حل کرے گی جبکہ بڑے بڑے منصوبوں کی ذمہ داری ضلعی حکومتوں یعنی نیبر ہڈ پر ہو گی، اسی طرح مقامی کونسل11ارکان پر مشتمل ہو گی اور یہ ادارے اپنے وسائل میں اضافےکے لیے بھی اقدامات کریں گے۔