عثمان خان: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو پیرول رول پر رہائی کا وقت ختم ہونے کے بعد لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف انکی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن( ر) صفدر پانچ دنوں کیلئے پیرول پر رہا ہوئے تھے،اس دوران مختلف سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے رہنمائوں نے نواز شریف اور انکی فیملی سے اظہار تعزیت کی اور مرحومہ کے بلند درجات کیلئے دعائے مغفرت کی،تینوں افراد کو جاتی امراء سے بذریعہ خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس لایا جس کے بعد انہیں خصوصی اسکواڈ کی سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا،لاہور سے اڈیالہ جیل تک کے سفر میں شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے ہمراہ رہے، اس سے قبل جاتی امراء سے روانگی سے قبل شریف فیملی کے افراد نے کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی جب کہ نواز شریف کی والدہ نے انہیں رخصت کرتے ہوئے بوسہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کے انتقال پر 11 ستمبر کی شب اڈیالہ جیل سے 12 گھنٹے کے لیے پیرول رول پر رہائی دی گئی تھی جس کی مدت میں آج شام 4 بجے تک کے لیے توسیع کی گئی۔