ملک اشرف : لاہورہائیکورٹ کی جانب سے پی ایس ایل ریکارڈ فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار، وفاقی ، پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کونوٹس جاری کرتے ہوئے27 ستمبرکو جواب طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کےجسٹس شاہدجمیل خان نےدرخواست پرسماعت کی ، درخواستگزارتحریک انصاف کے جاویدبدرکی جانب سےموقف اختیارکیاگیا کہ نجم سیٹھی اور پی ایس ایل کے بارے معلومات حاصل کرنے کیلئےدرخواست دی لیکن کرکٹ بورڈکےمتعلقہ حکام ریکارڈفراہم نہیں کر رہے، درخواست میں یہ قانونی نکتہ اُٹھایا گیاکہ کرکٹ بورڈکاریکارڈپبلک کرنےسےانکارآئین کےآرٹیکل 19 اےکی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعاکی گئی کہ فوری طورپر پی سی بی کاتمام اہم ریکارڈطلب کرکےقبضےمیں لیاجائے، وفاقی حکومت کےوکیل نےدلائل دیتےہوئےکہاکہ درخواستگزارنےمتعلقہ فورم سےرجوع نہیں کیالہذا عدالت درخواست گزارکی درخواست ناقابل سماعت قرار دےکرمستردکرے۔
عدالت نےوکلاکے دلائل مکمل ہونےپردرخواست کےقابل سماعت ہونےسےمتعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا،عدالت نے درخواست پروفاقی حکومت، پی سی بی اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ،عدالت میں وفاقی حکومت کی جانب سےڈپٹی اٹارنی جنرل اور پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے نوٹس وصول کر لئے۔