شعیب ملک کیلئے کرکٹ کے دروازے بند ہونے لگے

17 Oct, 2020 | 12:59 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : زمبابوے کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں شعیب ملک کی شمولیت کا امکان بھی معدوم ہے اور ان کی جگہ نیشنل ٹی 20 کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے خوشدل شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔ 

 
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز کے سکواڈ میں آل راﺅنڈر شعیب ملک کی شمولیت کا امکان کم ہے کیونکہ وہ انگلینڈ سے ٹی 20 سیریز کے واحد میچ میں 14رنز بنا سکے تھے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے 10میچز میں وہ اب تک 177 رنز بنا سکے ہیں اور سلیکٹرز خوشدل شاہ کو زمبابوے کیخلاف سیریز کے تینوں میچز کھیلانا چاہتے ہیں۔ 


گزشتہ برس آسٹریلیا سے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے والے کرکٹر دورہ انگلینڈ میں کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکے تھے جبکہ محمد حفیظ کو اچھی فارم کی وجہ سے ڈراپ کئے جانے کا امکان کم ہے، البتہ وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ سے پی سی بی حکام ان سے خوش نہیں، اگر اوپر سے کوئی ہدایت آئی تو مصباح سینئر بیٹسمین کو ”ریسٹ“ کرانے پر مجبور ہونگے، ٹی 20کپ میں چیف سلیکٹر نے رضوان کی کارکردگی پر خاص نظر رکھی اور ان کا بیٹنگ آرڈر بھی اوپر کرایا۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی 20 میچ میں سرفراز احمد کو موقع ملا تھا تاہم وہ متاثر کن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے جبکہ حالیہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بھی وہ اچھی فارم میں نظر آ رہے ہیں البتہ ان کی فٹنس پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور سلیکٹرز اب زمبابوے کیخلاف سیریز میں محمد رضوان کو آزمانا چاہتے ہیں۔ 


اوپنر فخر زمان اور فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کو بھی آرام کا موقع دیا جا سکتا ہے اور ان کی جگہ ٹی20 کپ کے نمایاں پرفارمر عبداللہ شفیق کو پہلی بار قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے جنہوں نے اب تک جاری ایونٹ میں 358 رنز بنائے ہیں۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق صوبائی ٹیموں کے معاملات میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں، کوچز اور ساتھی سلیکٹرز سے کہہ کر انہوں نے بعض ٹیموں میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دلایا، چندکے بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کرائے، وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ چکے مگر زمبابوے سے ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کے سکواڈز آخری بار منتخب کریں گے۔

مزیدخبریں