مال روڈ (علی اکبر، قذافی بٹ )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کوئی سمت ہے نہ انہیں کوئی سمجھ، پوری اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ جلسوں سے کوئی پریشانی نہیں۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ عناصر جلسوں کی آڑ میں اپنی کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کا احتساب جاری رہے گا۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ کرپشن کا خاتمہ ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام انتشار کی سیاست کو پہلے بھی مسترد کرچکے۔ اب بھی ساتھ نہیں دیں گے۔
تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت میں مصروف ہے۔ اپوزیشن جومرضی کر لے۔ عوامی خدمت کا سفر رواں دواں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی سے مرض بڑھ سکتا ہے۔
عثمان بزدار نے کہاہے کہ ہم جمہوری روایات کے امین ہیں اسی لیے جلسے کی اجازت دی۔ اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا، کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر اقدام قانون کے دائرہ کار میں رہ کر کیا۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوعوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔
اپوزیشن عناصر ایک دوسرے سے خوفزدہ ہیں اور ان کا پراپیگنڈہ دم توڑ چکا۔ عوام اپوزیشن کی منفی بیان بازی میں نہیں آئے گی