عمران یونس: قبضہ مافیا سے خالی کرائی گئی اراضی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اراضی کو بیچا جائے یا نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شامل کیا جائے، حکومت پنجاب نے تجاویز پر غور شروع کر دیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں جاری انکروچمنٹ آپریشن کے دوران قبضہ مافیا سے خالی کرائی گئی اراضی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سوچ بچار شروع کر دی گئی ہے۔وزراء اور بیوروکریسی کی جانب سے حاصل ہونے والی تجاویز کے مطابق اراضی کو بیچ کربڑا ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
دوسری تجویز کے مطابق اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے اراضی کے استعمال کیلئے نئی پالیسی اور کمیٹی بھی بنائی جائے گی۔ حکومت پنجاب نے تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن میں صوبہ بھر سے اربوں مالیت کی ہزاروں کنال اراضی واگزار کرائی ہے۔ صرف لاہور سے پندرہ ارب مالیت کی دوہزار کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔
متعلقہ اراضی ایل ڈی اے، ریونیو، رنگ روڈ اتھارٹی اور جنگلات کی ملکیت تھی۔ قبضہ مافیا سالوں سے سرکاری اراضی پر قابض تھا۔