سٹی42:سابق وزیر خارجہ اور قومی اسمبلی کے تیرھویں سپیکر، سابق صدر ایوب خان کے صاحبزادے اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے والد گوہر ایوب خان وفات پا گئے۔
گوہر ایوب خان کی نمازِ جنازہ کل بروز ہفتہ ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں دوپہر کے بعد ادا کی جائے گی۔
گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے ۔
گوہر ایوب خان 15 جنوری 1937ء کو پیدا ہوئے۔ وہ 4 نومبر 1990ء کو قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے اور 17 اکتوبر 1993ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔
اس کے علاوہ گوہر ایوب خان 1997ء سے 1998ء تک میاں نواز شریف کی حکومت میں وزیر خارجہ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے بھی گوہر ایوب خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔