(راؤ دلشاد) چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے اچھی خبر، وزیر اعظم عمران خان کے چھوٹے کاروباری افراد کو کارپوریشن ٹیکس سے چھوٹ دینے کے فیصلے پر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ورکنگ شروع کردی، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے 197 شعبہ جات میں سے 35 شعبوں کو لائسنس فیس پر چھوٹ ملے گی۔
میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شہر میں جاری197 کاروباری شعبہ جات پر لائسنس فیس عائد کرنے اور چھوٹ دینے کیلئے ورکنگ پیپر تیار کرلیا، حجام، درزی سمیت 35 کاروبار پر لائسنس فیس کی چھوٹ ملے گی، کاروباری شعبہ جات کو کاروبار کی نوعیت کے مطابق کیٹیگریز کا تعین کردیا گیا، 197 میں سے چھوٹ دینے والوں اور بعض کاروباری شعبوں پر بیس فیصد لائسنس فیس مزید بڑھانے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لائسنس فیس بڑھانےکی حتمی منظوری کمشنر لاہور نے دینی ہے، لائسنس فیس بڑھانے اور چھوٹ دینے کیلئے تھرڈ پارٹی سروے مکمل کر لیا گیا۔
ایم سی ایل کے مطابق پلاسٹک سے متعلقہ کاروبار، فوم فیکٹری، سوڈا واٹر، خراد ورکس، دھاگے، بکرم، کڑھائی، پیکو، ایمرائیڈری فیکٹری، کھال فیکٹری، شیشہ کٹنگ، ربر ٹائر، آپٹیکل سمیت 36 نئے شعبہ جات پر لائسنس فیس عائد ہوگی، ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈز چینز کی لائسنس فیس کو 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کیا جائے گا۔
بناسپتی گھی و کوکنگ آئل فیکٹریز کی لائسنس فیس 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ ہو گی، مقامی فاسٹ فوڈ چینز کی فیس تین ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے، کلاتھ شاپس برانڈڈ کی فیس 5 ہزار سے 20 ہزار ، برانڈڈ فرنچائز کا 5 ہزار سے 20 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آپٹیکل شاپس پر پچاس ہزار لائسنس فیس عائد کی جائے گی۔