نواز شریف کو دل کے عارضے کے باعث انجائنا کی تکلیف

نواز شریف کو دل کے عارضے کے باعث انجائنا کی تکلیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد چودھری) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک، دل کے عارضہ کے باعث انجائنا کی بھی تکلیف،  مضر اثرات کے باعث ڈاکٹرز نے سٹیرائیڈز کی مقدار کو بتدریج کم کر دیا، جسم پر سوجن، سرخ دھبے بدستور نمایاں، معالجین کے مطابق میاں نواز شریف کو جلد از جلد بیرون ملک جانا پڑے گا۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے، دل کے عارضہ کی شدت بڑھنے سے انجائنا کی تکلیف بھی لاحق ہوگئی ہے، ڈاکٹرز کی جانب سے میاں نواز شریف کی شوگر اور بلڈ پریشر کنٹرول سے باہر ہونے کے باعث سٹیرائیڈز کو بتدریج کم کر دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق میاں نواز شریف کی صحت کیلئے سنگین خطرہ پلیٹ لیٹس کی کمی کے ساتھ دماغ کو خون پہنچانے والی شریانیں کیروٹڈ آرٹریز ہیں جن میں 85 فیصد تک تنگی ہے جو کسی بھی وقت فالج کے شدید حملے کا باعث بن سکتی ہے۔

تین برس قبل بھی میاں نواز شریف کو فالج کا معمولی اٹیک ہوچکا ہے اور 6 نومبر کو جاتی امرا شفٹ ہونے پر بھی ان کو ایک ہلکا اٹیک ہوا تھا، میاں نواز شریف کے معالجین کے مطابق میاں نواز شریف کی صحت کی سنگین صورتحال کے پیش نظر انہیں جلد از جلد بیرون ملک جانا پڑے گا اور اس میں مزید تاخیر جان لیوا ہوسکتی ہے، عدالت عالیہ کی جانب سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد سابق وزیراعظم کو ایئرایمبولینس کے ذریعے بیرون ملک لیجانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer