(قذافی بٹ) صدر پاکستان عارف علوی نے برسوں سے چلی آرہی روایت توڑ کر سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، انہوں نے 32 گاڑیوں کا پروٹوکول لینے سے انکار کردیا۔
صدر عارف علوی ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ پروٹوکول کی 32 گاڑیاں ان کی منتظر ہیں تو انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ائیر پورٹ سے باہر آنے سے انکار کردیا کہ انہوں نے کہاکہ 32 گاڑیاں واپس جائیں گی تو باہر آؤں گا۔
صدر پاکستان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ایئرپورٹ کے باہر 32 گاڑیاں میرا انتظار کر رہی ہیں۔ جب تک یہ گاڑیاں واپس نہ چلی جائیں۔ میں ایئرپورٹ پر ہی انتظارکروں گا۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ صرف سکیورٹی دی جائے اور پروٹوکول کم کروں۔
علاوہ ازیں انتظامیہ نے صدر کی روڈز کو سگنل فری نہ کرنے کی ہدایات بھی نظر انداز کردیں۔ ٹریفک سگنلز فری کرکے صدر کے قافلے کو گزارا گیا۔ صدرایئرپورٹ سے 4 گاڑیوں کے ہمراہ ائیرپورٹ سے گورنر ہاؤس پہنچے۔ جہاں انہوں نے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔