(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ کورکمانڈرلاہور کے گھر میں توڑپھوڑ کی گئی، ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، شہدا کے یادگار کو جلانے سے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، فوج ہم سے ہے اورہم فوج سے ہیں، اختلاف رائے توماں، باپ، بھائی بہن اور میاں بیوی میں بھی ہوتا ہے۔
کراچی کے نجی اسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ دہشتگردی تھی، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، کبھی تشدد کی حمایت نہیں کرسکتا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے گردش کرتی افواہوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری سیاسی پیدائش تحریک انصاف میں ہوئی، عمران خان کے علاوہ کسی کو سیاستدان نہیں مانتا، تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے، تحریک انصاف میری جماعت ہے، مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کرپارٹی نہیں چھڑواسکتا۔