سٹی 42: این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد، وفاقی سرکاری اداروں کے سابق اوقات کار بحال، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی سرکاری اداروں کے سابق اوقات کار بحال کردئیے گئے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ہفتہ، اتوار تعطیل کرنےوالے دفاتر صبح 9 سے شام 5 بجے تک کُھلیں گے، دوپہر ایک سے ڈیڑھ بجے تک کھانے و نماز کا وقفہ ہو گا جبکہ جمعہ کو دوپہر ساڑھے بارہ سے 2 بجے تک وقفہ ہو گا۔
دوسری جانب صرف اتوار کو تعطیل کرنے والے دفاتر صبح 9 سے 4 کُھلیں گے، دوپہر ایک سے ڈیڑھ بجے تک کھانے و نماز کا وقفہ ہو گا، صرف اتوار کو تعطیل کرنیوالے دفاتر جمعہ کے روز صبح 9 سے ایک بجے کُھلیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اوقات کار فوری اور تاحکمِ ثانی نافذالعمل ہیں۔