سٹی42:شہبازشریف کانام ای سی ایل میں ڈال دیاگیا ،شہباز شریف کا نام کابینہ کی منظوری اورقانونی ضابطےمکمل ہونےپرنام ای سی ایل میں ڈالاگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا نام نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا جبکہ ای سی ایل میں ڈالنے جانے کی تصدیق فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تصدیق کی۔ پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ منظوری کے بعد شہباز شریف کانام ای سی ایل پر ڈال دیا گیا،شہباز شریف کو اگر اجازت دی گئی تو انہیں واپس لانا مشکل ہوگا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے مفرور ہیں اور لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے خلاف مقدمے میں 5 افراد سرکاری گواہ بن گئے ہیں، اگر انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جاتی تو وہ ان پر اثر انداز ہوسکتے تھے۔
واضح رہےکہ شہباز شریف نے بلیک لسٹ میں نام موجود ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم گزشتہ ہفتے بیرون ملک روانگی کے لیے جب شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن لیڈر واپس گھر روانہ ہوگئے۔