مال روڈ (سٹی 42) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے اثرات کو زائل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان مشکل ترین حالات میں وژن رکھنے والے لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں اور سیاسی مخالفین کی ساری خواہشیں ان کے سینے میں ہی دم توڑ گئی ہیں۔
حلقہ این اے 131 میں جاری امدادی سر گرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان کہا کہ پوری دنیا کا کورونا وائرس جیسی مشکل سے پہلی بار سامنا ہوا ہے اور طاقتور ترین معیشتوں کی بنیادیں بھی لڑ کھڑا گئی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بغیر کسی تاخیر کے کمزور طبقات اور معیشت کو چلانے والے شعبوں کو سہارا دیا اور پاکستان کے اقدامات کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے ''میں نہ مانوں'' کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے مستحق خاندانوں میں اربوں روپے نقد تقسیم کیے ہیں اور اس میں کسی سطح پر بھی کرپشن کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جو حکومت کا کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں مزید کمی خوش آئند ہے جس سے معاشی سرگرمیاں فروغ پائیں گی،اسٹیٹ بینک نے مرکزی حکومت کے اقدامات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں کو ریلیف دینے کیلئے متعدد سکیمیں متعارف کرائی ہیں جس سے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں سکھ کا سانس ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نیک نیتی اور جذبے سے اپنا کام کر رہی ہے اور ہمیں اپوزیشن سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ مشکل حالات میں کس نے کیا کردار ادا کیا ہے۔