تھیٹرز، سینما، شادی ہالز پر پابندی ختم کی جائے: پیر سہیل بخاری

تھیٹرز، سینما، شادی ہالز پر پابندی ختم کی جائے: پیر سہیل بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ایبٹ روڈ (سٹی 42) ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل چیئرمین ایشین ایوارڈز کمیٹی و معروف پروگرام آرگنائزر پیر سید سہیل بخاری نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جس طرح زندگی کے ہر شعبہ کو کام کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے، اسی طرح تمام ثقافتی سماجی تقریبات ایوارڈز پروگرام، صوفی فیسٹیول، تھیٹرز، سینما ہاؤسز، شادی ہالز پر سے فوری پابندی ختم کی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ ایک پروگرام سے کئی افراد کا رزق وابستہ ہوتا ہے، پنجاب کے سینکڑوں تھیٹرز بند ہونے سے ہزاروں فنکار اور ٹیکنیشنز بے روزگار ہو چکے ہیں، شادی ہالز کی بندش سے بھی ڈیلی ویجرز، مزدور، ویٹرز اور دیگر شعبوں کے لوگ بے روزگار ہیں اور  ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں، حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب ان شعبوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کرے۔

پیر سید سہیل بخاری نے کہا لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ  سفید پوش طبقہ متاثر ہوا، جنہوں نے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا میری حکومت سے اپیل ہے کہ جس طرح تمام شعبوں کو آزاد کیا جا رہا ہے، ہمیں بھی ثقافتی سماجی تقریبات میوزیکل کنسرٹ کارپوریٹ ایونٹ اسٹیج ڈرامہ کرانے کی فوری اجازت دی جائے، ورنہ ہم اپنا احتجاج کا حق رکھتے ہیں اور ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر احتجاج کیا جائے گا۔

دوسری جانب سٹیج پروڈیوسر اور الفلاح تھیٹر کے چیئرمین ارشد چودھری نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت سیکرٹریز کو کھلا خط لکھ دیا۔

 خط میں انہوں نے کہا ہے کہ عید الفطر پر اڑھائی ماہ سے بے روزگار سٹیج فنکاروں کو پرفارم کرنے کی اجازت دی جائے، کورونا وائرس کے پیش نظر تھیٹر ہالز پچھلے اڑھائی ماہ سے بند پڑے ہیں، کسی سٹیج فنکار، ٹیکنیشن یا تھیٹر سے وابستہ کسی بھی فرد کو حکومتی امداد تک نہیں دی گئی اب جبکہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی بھی کردی ہے، شاپنگ مالز، بازار، ٹرانسپورٹ کھول دی ہے تو عید الفطر پر سٹیج ڈراموں کی نمائش کی اجازت بھی دی جائے تاکہ یہ فنکار بھی اپنا روزگار حاصل کر سکیں۔

Sughra Afzal

Content Writer