(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ملازمین کو رمضان المبارک کے دوران ورک فرام ہوم کی اجازت دے دی گئی۔
رمضان کے مقدس مہینے میں جمعہ کے روز وفاقی حکومت کے ملازمین کی 70 فیصد تعداد گھر اور 30 فیصد ذاتی طورپردفتر یا سائٹ سے کام کرے گی۔خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے رمضان المبارک میں جمعہ کے روز یونیورسٹیوں اور سرکاری اسکولوں میں طلباء کے لیے آن لائن کلاسز کے اوقات کار کا اعلان کیا، یہ پہلے سے طے شدہ امتحانات کی تاریخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی اعلان کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کی ہدایت کے تحت ابوظہبی کے سرکاری ملازمین کے لیے رمضان المبارک کے دوران جمعہ کے روزسرکاری اوقات کار 70 فیصد ملازمین کیلئے گھر اور 30 فیصد کے لیے دفتر میں ہوں گے۔
اسی طرح دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی دبئی کے سرکاری اداروں کو ریموٹ ورکنگ سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے، دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ ماہ مقدس کے دوران سرکاری اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ تک اور جمعہ کے روز صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔