ویب ڈسیک:ملک میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے ،جس سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں 15 ہزار موٹر سائیکلیں چوری کرکے فروخت کرنے والے موٹر سائیکل لفٹر کو پولیس نے بھینس کالونی میں مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم چوری کی موٹر سائیکل 8 سے 25 ہزار روپے میں فروخت کردیتا تھا۔
موٹر سائیکل لفٹر آصف نے ویڈیو بیان میں 15ہزار موٹرسائیکلیں چوری کرکے حب منتقل کرنے کا اعتراف کیا۔
یہ نوجوان ڈکیت اب تک کراچی سے پندرہ ہزار موٹرسائیکلیں چوری کرچکا ہے جس اعتماد سے گفتگو کررہا ہے لگتا ہے اس کو اس بات کا مکمل یقین ہے کہ کچھ ہی عرصے میں دوبارہ رہا ہوکر اپنا دھندا شروع کردے گا pic.twitter.com/n11hRM74Fy
— Syed Faisal Hussain (@sfaisal_hussain) March 17, 2022
ملزم نے بتایا کہ میرا باپ ٹارگٹ کلر تھا جو پولیس مقابلے میں مارا گیا، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کرکے بلوچستان لے جاتا ہوں اب تک 12 گاڑیاں اور 10 سے 15 ہزار موٹر سائیکلیں چوری کی ہیں۔
ملزم کے مطابق اُس نے گاڑیاں گلشن حدید ،ماڈل کالونی اور بنگالی پاڑے سے چوری کیں،ملزم آصف نے بتایا کہ وہ اس سے قبل 4 مرتبہ گرفتار ہوچکا ہے۔