کورونا کا خطرہ، سوئی ناردرن آنیوالے صارفین کیلئے دروازے بند

کورونا کا خطرہ، سوئی ناردرن آنیوالے صارفین کیلئے دروازے بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم، رضوان نقوی ) کورونا وائرس کا خطرہ، سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے کسٹمر سروسز سینٹر عوام کیلئے بند جبکہ بلوں کی درستگی ودیگر امور کیلئے آنے والے شہریوں کو مایوس لوٹنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس بڑھتے خدشات کے سبب سوئی ناردرن لاہور ریجن گرومانگٹ روڈ کے کسٹمر سروسز سینٹر کو بھی بند کر دیا گیا، کسٹمر سروسز سینٹر آنیوالے صارفین کو پانچ روز بعد دفتر آنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ صارفین بلوں کی درستگی، کنکشن کے حصول سمیت دیگر امور کے لئے دفتر پہنچے لیکن مایوس لوٹنا پڑا۔

اس موقع پر صارفین کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے افسران نے کام کی بجائے اپنے آپ کو محفوظ کر لیا ہے، حفاظتی اقدامات کر کے صارفین کو سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں، دفاتر بند کرنے سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔

سوئی ناردرن گیس حکام کے مطابق کسٹمر سروسز سینٹر میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ صارفین کی درخواستیں لیکر واپس بھجوایا جا رہا ہے اور فون کال پر اپ ڈیٹ دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر کے طور پر ایف بی آر کے  دفاتر میں سائلین، ٹیکس گزاروں اور ٹیکس کنسلٹنٹس کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ چیف کمشنر کارپوریٹ آر ٹی او آمنہ حسن نے ان لینڈ ریونیو سروس کے عملہ و افسران کے علاوہ تمام افراد کے ٹیکس دفاتر میں داخلہ پر پابندی کےا حکامات جاری کردیئے ہیں۔

ریجنل ٹیکس دفاتر میں صرف ان لینڈ ریونیو سروس کا عملہ ہی داخل ہوسکے گا۔ چیف کمشنر نے تمام ٹیکس افسران کو زیر سماعت کیسز آئندہ ہفتے سننے کی ہدایت کردی ہے۔