( ملک اشرف ) کورونا وائرس کا خدشہ، وکلا ارجنٹ کیسز کےعلاوہ عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے، وائس چیئرمین پاکستان بارعابد ساقی کی پریس کانفرنس، کہتے ہیں ججز جیلوں میں جاکر درخواست ضمانتوں کی سماعت کریں، موجودہ حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کرنا وقت کا تقاضا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین پاکستان بارعابد ساقی اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار طاہر نصراللہ وڑائچ نے دیگر بارعہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پنجاب بار، نائب صدر ہائیکورٹ بیرسٹر سعید حسین ناگرہ، سیکرٹری ہارون دوگل سمیت دیگر بار عہدیدار موجود تھے۔
وائس چیئرمین پاکستان بارعابد ساقی نے کہا کرونا وائرس خدشہ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ اپریل تک صرف ارجنٹ نوعیت کے کیسز کی سماعت کی جائے اور ریگولر کیسز ملتوی کئے جائیں۔ وکلاء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس خدشات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند، تقریبات منسوخ کی گئی ہیں۔ ججز، وکلاء اور سائلین کے لئے احتیاطی تدابیر کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار عابد ساقی نے کہا کہ انہوں نے دیگر بار رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وکلاء پانچ اپریل تک صرف ارجنٹ، حبس بے جا، درخواست ضمانتوں اور حکم امتناعی کیسز میں پیش ہوں گے جبکہ دیگرریگولر کیسز میں عدالتی بائیکاٹ کریں گے۔