طارق عزیز کو والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا

طارق عزیز کو والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زین مدنی حسینی) پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے نیوز کاسٹر اور مشہور پروگرام "نیلام گھر " کے میزبان طارق عزیز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے،  ان کی عمر چوراسی برس تھی،  طارق عزیز کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں گارڈن ٹاؤن کے قبرستان میں والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
نیوز کاسٹنگ یا پروگرام کی میزبانی، فلم میں اداکاری ہو یا پھر دلوں پر اثر کرتی شاعری، طارق عزیز کا  انداز ہی نرالا تھا. انیس سو اڑتیس کو جالندھر میں پیدا ہونے والے طارق عزیز کا خاندان آزادی کے بعد پاکستان ہجرت کر آیا اور ساہیوال میں سکونت اختیار کی. پہلی بار ان کی آواز ریڈیو پاکستان لاہور سے ہوا کے دوش پر لہرائی اور پھر جلد ہی یہ پی ٹی وی کے پہلے مرد اناؤنسر بن گئے. انیس سو پچھتر میں پی ٹی وی سے شروع ہونے والے پروگرام " نیلام گھر" نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا.
طارق عزیر فلم نگری کا بھی حصہ بنے اور انسانیت, ہار گیا انسان, سالگرہ, قسم اس وقت کی, جاری, چراغ کہاں روشنی کہاں جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، طارق عزیز انیس سو ستانوے سے انیس ننانوے تک رکن قومی اسمبلی بھی رہے. انیس سو بانوے میں ان کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا.
طارق عزیز ان دنوں اپنی کتاب " فٹ پاتھ سے پارلیمنٹ تک" لکھنے میں مصروف تھے اور شوگر کے مرض میں مبتلا تھے لیکن آج صبح حرکت قلب بند ہونے سے یہ روشن ستارہ جان کی بازی ہار گیا. ان کی نماز جنازہ گارڈن ٹاؤن میں ادا کی گِی قاری سید صداقت علی پڑھائی، نماز جنازہ میں اداکار سہیل احمد،  قوی خان، خالد بٹ، نورالحسن سمیت پی ٹی وی کے اعلی افسران نے شرکت کی، طارق عزیز کو گارڈن ٹاؤن کے قبرستان میں ان کی والدہ کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا ۔ اداکار سہیل احمد سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ طارق عزیز کے جانے سے ایک منفرد میزبان بااخلاق انسان سے محروم ہوگئے ہیں.

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ممتاز اینکرطارق عزیزکےانتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ٹویٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے طارق عزیز کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا گیا ہے ۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ طارق عزیزکی پاکستان کیلئےخدمات کوہمیشہ یاد رکھاجائےگا،آرمی چیف نے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالیٰ طارق عزیزکےدرجات بلند اورپسماندگان کوصبرجمیل عطافرمائے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer