زین مدنی حسینی: کورونا سے بگڑتی صورتحال، عید الاضحیٰ پر بھی فلمیں سینما گھروں کی زینت نہیں بنیں گی، فلم ڈسٹری بیوٹرز کا فلمیں کورونا وائرس کے اختتام تک ریلیز نہ کرنے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے بگڑتی صورتحال کی وجہ سے عید الاضحیٰ پر بھی فلمیں سینما گھروں کی زینت نہیں بنیں گی، فلم ڈسٹری بیوٹرز نے فلمیں کورونا وائرس کے اختتام تک ریلیز نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ کورونا وائرس کے باعث جاری صورتحال کے پیش نظر فلم ڈسٹری بیوٹرز نے عید الاضحیٰ پر بھی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میگا کاسٹ کی بڑی فلم لیجنڈ آف مولا جٹ کو ریلیز کی کلین چیٹ تو مل گئی ہے لیکن موجودہ صورتحال کے باعث و ہ بھی فلم ریلیز نہیں کررہے۔ دو فلموں ٹچ بٹن اور دل کہے جدھر کے ڈسٹری بیوٹرز بھی عید الاضحیٰ پر فلمیں نہ ریلیز کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث عید الاضحیٰ پر سینما گھروں کا کھلنا بھی ایک سوال ہے، اسی کے باعث تمام ڈسٹری بیوٹرز نے اپنی فلمیں کورونا وائرس کے اختتام تک ریلیز نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ تین ماہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے، ڈیڑھ ہزار سے زائد ملازمین بےروزگار ہیں، شہر لاہور کے چالیس سے زائد سینما گھر لاک ڈاؤن کے باعث بند ہیں اور مزید بند رہیں گے اب تک دس سے زائد پاکستانی اور ہالی وڈ فلمیں ریلیز ہونا تھی جو سینما گھر بند ہونے کی وجہ سے ریلیز نہ ہوسکیں۔
عید الفطر کے موقع پر سینما گھر بند رہنے کی وجہ سے قریبا پانچ کروڑ سے زائد کے بزنس سے سینما محروم رہا، تین ماہ میں ایک تحقیق کے مطابق سینما انڈسڑی کو بیس کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور مزید نقصان ہوگا کیونکہ کورونا کے اختتام تک سینما گھروں کو نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔