ویب ڈیسک:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 312 رنز کے جواب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم جلد ہی پاکستان کی پہلی وکٹ گرگئی۔
کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی ، پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ آغاز اچھا نہ رہا اور امام الحق دوسرے اوور میں صرف 1 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
پہلے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کھیل کے اختتام تک 6 وکٹ پر 242 رنز بنائے تھے۔ دو مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آغا سلمان، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔