(سعود بٹ) ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور میں پیشی، خواجہ آصف نے دو گھنٹے سے زائد سوالوں کے جوابات دئیے، نیب نے خواخہ آصف کو اپنی صفائی میں مزید ثبوت فراہم کرنے کے لیے ایک موقع اور دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں عوامی شکایات کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے خواجہ آصف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں جس میں خواخہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کا نام براہ راست شامل ہے جبکہ خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے137 کنال اراضی زائد فروخت کی جو منظور شدہ نہیں تھی اور جس میں اس وقت کے میئر سیالکوٹ نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف تاحال قومی احتساب بیورو(نیب) ٹیم کو اپنے جوابات اور تفصیلات سے مطمئن نہیں کرسکے، گزشتہ پیشی پر بھی انہیں سوالوں کے جواب اور متعلقہ دستاویزات ہمراہ لانے کا کہا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے آج بھی پیشی کے دوران تسلی بخش جواب نہیں دیئے اور نہ ہی مکمل ریکارڈ فراہم کیا جس پر انہوں نے مزید مہلت مانگی ہے، قومی احتساب بیورو(نیب) نے خواجہ آصف کو اپنے حق میں مزید شواہد پیش کرنے کا ایک موقع دے دیا ہے۔
یاد رہے کی نیب لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو کینٹ ویو ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، نیب نوٹس کے مطابق خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے دستیاب زمین سے زیادہ زمین فروخت کی اور اختیارات سے تجاوز بھی کیا