سٹی 42: بچوں سے زیادتی کا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا
خیرپور کے استاد نے مقدس پیشے کو پس پشت ڈال کر درندگی شروع کردی ،ٹیوشن سینٹر میں ایک سال تک معصوم طالب علموں سے زیادتی کرتا رہا، سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے پر بے نقاب ہوگیا ۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امیر سعود مگسی کے مطابق خیر پور کے علاقے ٹھری میر واہ میں استاد سارنگ شر نے 2 طالب علموں سے زیادتی کی، جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ 12 اور 14 سال کی عمر کے طالب علموں کے مطابق وہ ملزم سارنگ کے گھر ٹیوشن پڑھنےجاتے تھے اور وہیں ان کے استاد نے ہی انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے بچوں کے والد کی مدعیت میں 2 الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں جب کہ واقعے کے بعد سے ملزم گھر سے فرار ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ استاد ایک سال سے ایسا کام کررہا تھا،بچوں کی گروپ ویڈیوز اور تصاویر بناکر بلیک میل بھی کرتا رہا۔
دوسری جانب سرگودھا میں بھی شادی کی تقاریب میں ڈانس کرنے والے لڑکے کو 3 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ سرگودھا میں محبوب کالونی کے رہائشی متاثرہ لڑکے نے پولیس کو بیان دیا ہےکہ 3 افراد اسے شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے کا جھانسہ دے کر اپنے ساتھ لے گئے اور ڈیرے پر لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں لڑکے سے زیادتی ثابت ہوگئی ہے، ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیاہے جب کہ بقیہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے قصور کے علاقوں رسول پور ،حسین خان والا میں بھی ایسے سیکنڈل سامنے آئے تھے جہاں بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں ،اس میں ایک سابق ایم پی اے کی سرپرستی کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔