(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج کا اعلان ہونے کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی کی تمام 235 یونین کونسلز(یوسیز) کےنتائج جاری کردیے گئے ہیں۔نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جبکہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پرکامیابی ملی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے7، جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔ان کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی پر اور آزاد امیدوار3 یوسیز پرکامیاب ہوئے ہیں۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آئی، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہی ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ دیگرجماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیاجا رہا ہے، اپیل کرتا ہوں ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے جبکہ سراج الحق نے منصورہ میں اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔